کرناٹک کےضمنی انتخاب میں نومنتخب کانگریس کے رکن اسمبلی رضوان ارشد نے کہا کہ وہ حلقے کی عوام سے تجاویز لیں گے اور اس کے مطابق اقدامات انجام دیں گے۔
شیواجی نگر ضمنی انتخاب پر پورے کرناٹکا ریاست کی نظر ٹکی ہوئی تھی ایک نوجوان قائد کی ٹکر یہاں کے پچھلے 35 برسوں سے ایم ایل اے رہے روشن بیگ کی حمایت والے بی جےپی امیدوار کے ساتھ رہی اور ساتھ ہی حلقہ میں پہلی بار انتخابی میدان میں اتری ایس ڈی پی آئی کا بھی زور رہا۔
ان حالات میں کانگریس کے امیدواررضوان ارشد نے یہاں کی عوام کے دل جیتے اور قریب 13ہزار سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔
اس سلسلے میں شیواجی نگر کے بھارتی نگر کارپوریشن وارڈ کے کارپوریٹر کی جانب سے ووٹرز کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرنومنتخب ایم ایل اے رضوان ارشد کی گلپوشی کی گئی اور انھیں مبارکباد دی گئی۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے رضوان ارشد نے بتایا کہ وہ بہت جلد وزیر اعلیٰ یڈیورپا سے ملیں گے، اور شیواجی نگر میں ترقیاتی کاموں کی گزارش کریں گے۔