مرکزی حکومت کی جانب سے گرین زمرہ میں آنے والے اضلاع میں بسوں کی خدمات کے آغاز کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد کرناٹک حکومت نے بھی ریاست میں گرین زمرے میں آنے والے اضلاع میں بس سروس شروع کی ہے۔
ضلع یادگیر بھی گرین زمرے میں شامل ہے جس کی وجہ سے ضلع کے شاہ پور، شورپور اور گرمٹکل علاقوں میں آج صبح بس سروس کا آغاز کیا گیا۔
اس موقعے پر ڈویژنل میکانیکل انجینئر کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن یادگیر، پردھان نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر یادگیر سے شاہ پور، گرمٹکل اور شورا پور کے لیے بس سروس شروع کی گئی ہے۔
’’بسوں کی خدمت صرف اندرون ضلع کی حد تک ہوگی، یادگیر سے دوسرے ضلع، اور دوسرے اضلاع کی بس یہاں یادگیر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بس سروس صبح آٹھ بجے تا دوپہر 2 بجے تک 1گھنٹہ کے وقفہ سے بس چلائی جائیں گیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’سفر سے قبل مسافرین کی تھرمل اسکریننگ اور دیگر طبی جانچ کے بعد ہی سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ جبکہ ابھی تک سٹی بس سروس کو شروع نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اہم کاموں کی انجام دہی کے لیے ہی بس سفر سے استفادہ کریں اور غیر ضروری سفر کرنے سے پرہیز کریں۔