ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے اور کورونا چین کو توڑنے کے لیے 14دن کے لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاک ڈاؤن میں صرف اشیاء ضروریہ کی دکانوں کو ہی صبح 6 بجے سے 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
لیکن شہر یادگیر میں اشیائے ضروریہ کی دکانوں کی آڑ میں گاندھی چوک، کپڑا بازار اور سنار بازار میں کئی دوکاندار صبح 6 بجے سے ہی کپڑا، سونا چاندی اور دیگر دکانیں کھول کر کاروبار کر رہے تھے۔
چوری چوری گاہکوں کو دوکانوں کے اندر بٹھا کر کاروبار کر رہے تھے، جس کی اطلاع موصول ہوتے ہی محکمہ بلدیہ نے اپنے عملے کے ساتھ شہر کے گاندھی چوک، سبزی مارکیٹ، سنار بازار کی دکانوں پر چھاپہ مار کر ان پر جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں دوبارہ سے دکان نہ کھولنے کی ہدایت دے دی گئی۔
یہ جرمانہ 500 روپے سے لیکر دو ہزار روپے تک لگایا گیا اور دکانداروں کو تاکید کی گئی کہ صبح چھ بجے سے دس بجے تک صرف اشیاء ضروریہ کی دکانوں کو ہی کھولنے کی اجازت ہے۔ محکمہ بلدیہ نے لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے اگر دوسری مرتبہ دکانوں کو کھولا گیا تو ان کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔