محض چند روپیوں کے لالچ میں ایجنٹ کسی بھی شخص کی زندگی کا سودا کر دیتے ہیں۔ یہی بریلی کے غیاث احمد کے ساتھ بھی ہوا ہے۔
اُنہیں ممبئی اور ہردوئی کے دلالوں نے ایک کامیاب الیکٹریشن سے مزدور بنا دیا۔ وہ ان دنوں سعودی عرب میں ایک کفیل کے یہاں یرغمال ہیں۔ اب اہلِ خانہ نے اُنہیں واپس بلانے کے لیے مرکزی حکومت کے وزیر سے التجا کی ہے۔
اچھے معاش کا خواب دکھا کر، کٹرا چاند خاں کے رہنے والے غیاث احمد کو ممبئی اور ہردوئی کے دلالوں نے سعودی عرب کے شہر دمام میں مزدور بنوا دیا ہے۔ دلالوں نے اُن سے وعدہ کیا تھا کہ اُنہیں بطور الیکٹریشین سعودی کرنسی میں 1400 ریال ماہانہ تنخواہ دی جائےگی۔
![When will come from Saudi Arabia Ghyas Ahmad to India?](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/up-bar-2-saudiseindiaaanekikhwahish-pkg-7204399_02032020200749_0203f_1583159869_1050.jpg)
لیکن اُنہیں سعودی عرب پہنچنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ دلالوں کے ہاتھوں میں پھنس چکے ہیں۔ اُن سے فیکٹری میں بطور الیکٹریشین کام لینے کے بجائے مزدوری کرائی گئی۔ چھ مہیںے تک فیکٹری میں مزدوری کرنے کے بعد جب اُنہوں نے ملازمت چھوڑی تو فیکٹری کے مالک شیخ نے مقدمہ درج کرا دیا اور معاوضے کے لیے عدالت میں دعویٰ دائر کر دیا۔ اب وہ دمّام میں پھنس گئے ہیں۔
آخرکار بریلی میں اُن کے اہلِ خانہ نے مرکزی حکومت میں ریاستی وزیر سنتوش گنگوار سے غیاث کو واپس بلائے جانے میں مدد کی التجا کی ہے۔ مرکزی وزیر نے وزارت خارجہ سے غیاث احمد کو دمّام سے آزاد کرانے کے لیے کہا ہے۔
![When will come from Saudi Arabia Ghyas Ahmad to India?](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/up-bar-2-saudiseindiaaanekikhwahish-pkg-7204399_02032020200749_0203f_1583159869_813.jpg)
داماد رضوان برکاتی کے مطابق اُن کے سسُر غیاث احمد کو سنہ 2014 میں ضلع ہردوئی میں شاہ آباد کے دلال اخلاق اور ممبئی میں ٹریول کمپنی چلانے والے سلمان نے ڈیڑھ لاکھ روپیہ لیکر دمّام بھیجا تھا۔
گھر والوں کو بتایا گیا تھا کہ وہ ہر ماہ 1400 ریال کمائیں گے۔ غیاث کے ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد ایک ایجنٹ کے ذریعے شیخ کی فیکٹری تک پہنچایا گیا۔ یہاں اُنہیں ایک کمرے میں ٹھہرایا گیا۔ جب فیکٹری میں کام کرنے گئے تو اُن سے الیکٹریشین کے بجائے مزدوری کرائی گئی۔
تنخواہ طلب کی تو بتایا گیا کہ مزدوری میں ماہر ہونے کے بعد پوری تنخواہ ملے گی۔ چھ مہینے تک مزدوری کرانے کے بعد محض ایک مرتبہ 700 ریال ادا کیے گئے۔ اب اُنہیں سمجھ میں آنے لگا کہ یہاں وہ پھنس گئے ہیں۔
![When will come from Saudi Arabia Ghyas Ahmad to India?](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/up-bar-2-saudiseindiaaanekikhwahish-pkg-7204399_02032020200749_0203f_1583159869_547.jpg)
شہر کے شریف خاندان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ غیاث احمد حالانکہ ان دنوں کہیں ملازمت نہیں کر رہے ہیں۔ لیکن اُن کا پاسپورٹ اور ویزا شیخ کے پاس ہے۔ لہذا وہ گھر واپس بھی نہیں آسکتے ہیں۔
![When will come from Saudi Arabia Ghyas Ahmad to India?](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/up-bar-2-saudiseindiaaanekikhwahish-pkg-7204399_02032020200749_0203f_1583159869_470.jpg)
اُن کی اہلیہ نکہت پروین دل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ داماد رضوان برکاتی کا کہنا ہے کہ اُن کے سسُر کی آواز نہیں نکل رہی ہے، لہذا بات بھی نہیں ہو پا رہی ہے۔ غیاث احمد کی سنگین حالت اور تکلیف کے پیش نظر رضوان برکاتی نے مرکزی حکومت میں ریاستی وزیر برائے مزدور و روزگار سنتوش گنگوار سے اپنے سسُر کو ہندوستان واپس بلائے جانے کی گزارش کی ہے۔