اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں ندی کے پانی پر تیرتی لاشوں نے اتر پردیش حکومت اور اعلیٰ افسران کی جم کر فضیحت کرائی تھی۔ اس کے بعد ضلع انتظامیہ کی نیند ٹوٹی تو لاشوں کو بغیر وقت ضائع کیے جگہ بے جگہ دفن کیا گیا یا پھر جلایا گیا۔
بریلی میں بھی کم وبیش یہی حال تھا۔ اب بی ایم نے کسی لاش کی آخری رسوم ادا کرنے کے لیے اجازت لینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اجازت ملنے کے بعد نگرانی کمیٹی کے ممبران وہاں موجود رہیں گے اور ممبران کے سامنے ہی کووڈ گائیڈ لائن کے مطابق آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
رام گنگا ندی کے کنارے پی پی ای کِٹ پھینکنے، لاش کو پانی میں بہانے اور لاش کے آخری رسومات میں بھی لاپرواہی کی تمام اطلاعات بی ایم سی کے میئر اور اعلیٰ افسران کو موصول ہو رہی تھیں۔ اس کے بعد نگرانی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
بریلی میونسپل کارپوریشن کے میئر اُمیش گوتم کی قیادت میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 11 کارپوریٹرس اور میونسپل کارپوریشن کے دو اہلکار روزانہ رام گنگا ندی کا دورہ اور معائنہ کریں گے۔ کوویڈ یا نان کووڈ سے ہونے اموات کی لاشوں کو ندی میں ہرگز نہیں بہانے دیا جائےگا۔ اگر کسی متوفی کے اہلِ خانہ لاش کے آخری رسومات ادا کرنا چاہتے ہیں تو وہ نگرانی کمیٹی کے معرفت بی ایم سی کو اس کی اطلاع کریں گے۔
نگرانی کمیٹی، بی ایم سے تمام عمل پورے کرانے کے بعد ہی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دے گی۔ کمیٹی اس کی اطلاع علاقائی تھانہ پولیس کو بھی موصول کرائے گی۔ حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اجازت لینے کا عمل تحریری ہوگا، یہ زبانی اجازت سے بھی تمام عمل پورے کیے جا سکیں گے۔