اترپردیش کے بریلی ڈویژن سے کمشنر رنویر پرساد کو ٹرانسفر کیے جانے کی وجہ سے بریلی کے تاجروں نے ڈھول باجے کے ساتھ مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا۔
دراصل مرکزی حکومت نے بریلی کو اسمارٹ سٹی کے زمرے میں شامل کیا تھا۔ اس پروجیکٹ کا چیئرمین بریلی ڈویژن کے کمشنر رنویر پرساد کو بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی اس پروجیکٹ کے ٹینڈر میں بدعنوانی کے الزامات بھی لگائے گئے۔
وہیں، دوسری جانب کمشنر رنویر پرساد نے اسمارٹ سٹی منصوبہ کے تحت شہر کے سب سے قدیم چوراہے میں شمار کُتب خانہ چوراہہ پر فلائی اوور تعمیر کرانے کو حتمی شکل بھی دے دی تھی۔ اس کے لیے باقاعدہ نقشہ بھی تیار کر لیا گیا تھا۔ لیکن مقامی تاجر اس فلائی اوور کی مخالفت کر رہے تھے۔
مقامی تاجروں کی مخالفت کے باوجود کمشنر کی ضد کے سامنے تمام تاجر خود کو بہت مجبور محسوس کر رہے تھے۔ مقامی تاجروں نے سیاسی نمائندگان سے بھی فلائی اوور پروجیکٹ کو رد کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن کمشنر رنویر پرساد سننے کو تیار نہیں تھے۔ اب ان کے تبادلہ سے مقامی تاجروں نے راحت کی سانس لی ہے۔