ریاست اتراکھنڈ میں گلیشیر ٹوٹنے کے بعد اتر پردیش حکومت نے گنگا کے کنارے کے تمام اضلاع کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
اس حادثے کے بعد امروہہ ضلعی انتظامیہ بھی چوکس ہے اور انتظامیہ عملے کے ساتھ امروہہ ضلع مجسٹریٹ اُمیش مشرا سپرنٹنڈنٹ پولیس سنیٹی نے گنگا کے کنارے واقع گاؤں میں جا کر لوگوں سے بات کی اور کچھ روز تک ندی سے دور رہنے کی ہدایت دی۔
اُترا کھنڈ میں گلیشیر کے ٹوٹنے کے بعد سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور اتراکھنڈ واقعے کے بعد سے ہی ریاست اترپردیش کے امروہہ ضلع کے انتظامی عہدیدار منڈی دھنورا علاقے میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔
گنگا کے کنارے بسنے والے گاؤں والوں کو انتباہ کر رہے ہیں کہ وہ گنگا ندی کے قریب نہ جائیں تاہم امروہہ کے ڈی ایم امیش مشرا خود پورے علاقے کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ امیش مشرا نے یہ بتایا کہ امروہہ کے قریب ایک ڈیم ہے لہٰذا اس کا براہ راست اثر نہیں ہو پائے گا، لیکن کچھ دیہی علاقے گنگا ساحل کے علاقے میں آتے ہیں، اس لیے لوگوں کو وہاں جانے کے لیے منع کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت ساری ٹیمز کو بھی ذمہ نداری دی گئی ہے اور وہ خود بھی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دھنورا منگیرم چوہان نے کہا کہ گنگا کے کنارے 51 گاؤں کو پانی سے خطرہ ہے لیکن ان میں سے 22 کو زیادہ خطرہ ہے لہٰذا سب کو چوکس کیا جارہا ہے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت نے گلیشیئر حادثے کے تعلق سے پریس کانفرنس کر کے کہا کہ مرکزی حکومت پوری مدد کر رہی ہے۔ حادثے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے فوراً بات کی۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔