سرکاری ترجمان کے مطابق انتظامی کونسل کی جمعہ کے روز یہاں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے کی۔ اس میں اننت ناگ، بارہمولہ، ڈوڈہ، کٹھوعہ اور راجوری کے ضلع ہسپتالوں کے اثاثوں سمیت ان کا انتظامی کنٹرول متعلقہ ضلعوں کے پانچ نئے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کو تفویض کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔
انتظامی کونسل نے مزید پی ایچ سی ساگام اور پی ایچ سی مٹن کا انتظامی کنٹرول جی ایم سی اننت ناگ کو تفویض کرنے کو منظوری دی۔ اسی طرح پی ایچ سی کلنترہ اور پی ایچ سی باغ اسلام کا انتظامی کنٹرول جی ایم سی بارہمولہ، پی ایچ سی منجا کوٹ اور اربن ہیلتھ یونٹ کا انتظامی کنٹرول جی ایم سی راجوری، پی ایچ سی بلا اور پی ایس سی گھاٹ کا انتظامی کنٹرول جی ایم سی ڈوڈہ جب کہ پی ایچ سی بدھی اور اربن ہیلتھ سینٹر کرشنا کالونی کا انتظامی کنٹرول جی ایم سی کٹھوعہ کو تفویض کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔
انتظامی کونسل نے پانچ ضلع ہسپتالوں کی مختلف زمروں کی 337 اسامیاں منتقل کرنے کو منظوری دی۔ اس کے علاوہ پہلے منتقل کی گئی 664 اَسامیوں اور پانچ رورل ہیلتھ ٹریننگ مراکز اور پانچ اربن ہیلتھ ٹریننگ مراکز کی 154اسامیاں جو اس وقت صحت محکمہ کے پاس ہے کو بجٹری مدوں کے ساتھ متعلقہ میڈیکل کالجوں کو ٹرانسفر کرنے کے عمل کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔
یہ اسامیاں نئے میڈیکل کالجوں میں کام کریں گی لیکن انہیں ڈپٹیشن کی بنیادوں پر صحت محکمہ سے پُر کیا جائے گا۔ اس دوران لین ، سینیارٹی اور ترقیوں کے مد ان کے پیرنٹ کیڈر یعنی صحت محکمہ کے پاس ہی موجود رہیں گے۔