’’اورنگ آباد ضلع میں کووڈ19 سے فوت ہونے والوں کی شرح فیصد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، نیز کورونا وائرس کو شکست دےکر روبہ صحت ہونے کی شرح میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح کووڈ19 سے متاثر ہو کر اسپتالوں میں داخل ہونے کی شرح بھی دن بدن کم ہو رہی ہے، اور یہ سب ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت و پولیس اور عوام کے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی بدولت ممکن ہوا ہے، جس کے لیے سب قابل مبارک باد ہیں۔‘‘ ان باتوںکا اظہار ریاستی وزیر برائے طبی تعلیم امیت دیشمکھ نے کیا۔
ضلع کلکٹر آفس میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کی جا رہی کوشیشوں کے ضمن میں ایک جائزہ میٹنگ میں شرکت کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیت دیشمکھ نے بتایا کہ ’’اورنگ آباد شہر اور ضلع میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد اب کم ہو رہی ہے اور شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ ’’اورنگ آباد میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مہاراشٹرا کے دوسرے اضلاع کے مقابلے میں سب سے اچھی 90 فی صد ہے، اسی طرح شرح اموات بھی ابتداء کے مقابلے میں اب کم ہو کر 2.2 فی صد پر آگئی ہے۔ اسے اور کس طرح کم کیا جا سکتا ہے، اس پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: اورنگ آباد: بغیر ماسک گھومنے والوں سے 30 لاکھ کا جرمانہ وصول
امیت دیشمکھ نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، وزیر محصول بالاصاحب تھورات و دیگر تمام وزراء کی ہدایات اور مشوروں کی روشنی میں انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پوری کوششیں کی جا رہی ہے۔ کورونا کو پوری طرح سے ختم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ کی ’میرا خاندان- میری ذمہ داری‘ اسکیم کے تحت گھر گھر جا کر عوام کو واقف کرایا جا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’مہاراشٹرا کی عوام اور انکی صحت کو بہتر بنانے، نیز کورونا پر قابو پانے کے لیے مہا وکاس اگھاڑی حکومت کی جانب سے کوششیں کی جا رہی ہیں اور بین الاقوامی سطح پربھی ان کوششوں کی ستائش کی جا رہی ہے۔‘‘
’’اورنگ آباد ضلع میں کورونا کے سلسلے میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی‘‘ اس طرح کا تیقن دے کر انہوں نے کہا ’’اورنگ آباد ضلع میں آکسیجن، ماسک، سینٹائزر وغیرہ کی کوئی کمی نہیں، نیز ڈاکٹرس اور دیگر ضروری عملہ ہمہ وقت دستیاب ہے۔‘‘
امیت دیشمکھ نے بتایا کہ آکسیجن کی کمی نہ ہو اس کے لیے اورنگ آباد میں ہی اس کی تیاری کی جائے گی، وزیر صنعت سبھاش دیسائی نے اس ضمن میں خصوصی دلچسپی لی ہے اور جلد ہی اورنگ آباد میں آکسجن تیاری کا پلانٹ کام کرنا شروع کر دے گا۔