ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں اور اطراف کے علاقوں میں سڑک حادثات آئے دن کا معمول بن چکا ہے۔ شہر کی مقامی اور قومی شاہراہوں پر روزانہ حادثات کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ لوگوں کے مطابق شہر کی مقامی اور قومی شاہراہیں دوسرے شہروں کے بنسبت سب سے زیادہ پر خطر اور غیر محفوظ ہیں۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار اس بڑھتے حادثے کے سامنے بالکل بے بس نظر آرہے ہیں۔
اس تعلق سے شکیل احمد (تیراک) نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مالیگاؤں سے 20 کلومیٹر کی دوری پر واقع ورانہ گاؤں پونہ شاہراہ پر منماڑ کی سمت کمیل کے ڈرم اور شیشہ کی راڈ بھر کر جارہے کنٹینر جس کا نمبر RJ.14.GJ.7112 اور منماڑ سے مالیگاؤں سمت آرہی پیاز سے بھری آئسر ٹرک میں زبردست تصادم ہوا، جس کے باعث دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار دو افراد کی دردناک موت ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی اطلاع مالیگاؤں فائر بریگیڈ محکمے کے افسر سنجے پوار کو دی گئی، جس کے بعد انہوں نے شکیل احمد، مان دھن ملازمین اور ڈرائیور ذاکر شیخ کو جائے حادثے پر فوراً روانہ کیا۔ موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ عملہ نے راحت رسانی کے کام کو جاری کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں میں لگی آگ کو بجھانے میں کامیاب رہے۔
اس کے بعد گاڑیوں سے لاش برآمد ہوئی، جو پوری طرح سے جل چکی تھی۔ برآمد ہوئی لاش کو سول ہسپتال میں روانہ کر دیا گیا۔ دیر رات تک فائر بریگیڈ محکمے کے ساتھ ساتھ تعلقہ پولیس نے جے سی بی اور کرین کی مدد سے گاڑیوں کے جلے ہوئے ملبے کو ہٹایا۔ اس معاملے میں پولیس مرنے والوں کی شناخت اور تفتیش کر رہی ہے۔