ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں مرکزی وزیر کیرن رجیجو نے نیشنل سینٹر آف ایکسلینس میں تلوار بازی، سوئمنگ پول اور ہاکی گراؤنڈ کا افتتاح کیا، اس دوران کیرن رجیجو نے کہا ہے کہ ہم آنے والے اولمپکس کے لیے پہلے سے تیاری کر رہے ہیں تاکہ ہمارے ملک کے کھلاڑی آنے والے وقت میں کھیل کے ہر شعبے میں تمغہ حاصل کریں۔
رجیجو نے مزید کہا کہ کھیلو انڈیا کے تحت ملک میں بہت سارے کھیل کھیلے جارہے ہیں، اور ملک کے لوگوں کی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے فٹ انڈیا مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
ریاستی حکومت سے کیرن رجیجو نے اپیل کی ہے کہ کھیل کے شعبے میں ریاستی حکومت بھی مراٹھواڑہ کے لوگوں کی مدد کے لیے آگے آئیں، ہمارے ملک میں ایک سو اڑتیس کروڑ کی آبادی ہے، اتنا بڑا ملک ہونے کے باوجود بھی ہمیں اولمپک میں پیتل اور تانبے کے تمغے ملتے ہیں اور جن ملکوں کی آبادی چالیس پچاس لاکھ ہے، انہیں سونے اور چاندی کے تمغے ملتے ہیں، یہ ہمارے اتنے بڑے ملک کے لیے زیب نہیں دیتا ہے۔