اورنگ آباد شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہو رہی ہے اور ویکسین کی مانگ بھی تیز ہوتی دیکھی جا رہی ہے۔ اورنگ آباد کے ضلع کلکٹر دفتر میں اورنگ آباد کے رابطہ وزیر سبھاش دیسائی کی موجودگی میں عوامی نمائندوں اور اعلی سرکاری حکام کی کورونا جائزہ میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں ایک مرتبہ پھر پی ایم کیئر فنڈ سے آئے ناقص وینٹی لیٹر کا معاملہ گونج اُٹھا۔
ایم آئی ایم رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک سو پچاس ناقص وینٹی لیٹر فراہم کرنے والی ایجنسی کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے۔ ساتھ ہی شیو سینا ایم ایل اے سنجئے شرساٹھ نے بھی اس معاملے پر ایم پی جلیل کا ساتھ دیا۔ میٹنگ میں کورونا ویکسین کی قلت پر بھی غور کیا گیا اور ویکسین کی کمی کو دور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری طرف اورنگ آباد شہر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی پر امتیاز جلیل نے فرنٹ لائن واریئرز کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حالات جلد ہی نارمل ہونگے۔
