جلوس صندل میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میلاد اور منقبت کا سلسلہ جاری رہا۔ جلوس صندل میں خلد آباد کے تحصیلدار اور انتظامیہ کمیٹی کے صدر نے بھی شرکت کی۔ ایک ماہ تک چلنے والے اس عرس تقاریب میں ثقافتی اور ادبی پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ محفل نعتیہ مشاعرہ ، قوالی اور بیت بازی کے پروگرام ہوتے ہیں۔
جلسہ سیرت النبی کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، حضرت منتجب الدین زر زری زر بخش دولہا کے عرس کی مناسبت سے ہونے والے مشاعرے میں ملک بھر سے نامور شاعروں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ عرس انتظامیہ کمیٹی کے صدر نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ جس انداز میں دیگر مذاہب کی تقریبات کو سرکاری فنڈ فراہم کیا جاتا ہے، اسی طرح اس تقریب کے لیے بھی حکومت کو فنڈ جاری کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ خلد آباد کے عرس میں شرکت کرنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے۔