اورنگ آباد گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال Aurangabad Government Medical College and Hospital میں پہلی مرتبہ ایک سو پچپن کلو وزنی حاملہ خاتون کی کامیاب سیزرنگ کرکے زچہ اور بچہ دنوں کی جان بچانے میں ڈاکٹر کامیاب رہے۔ گھاٹی دواخانے کے طبی ماہرین نے اس آپریشن کو ایک چلینج کے طور پر قبول کیا اور نتیجے میں یہ آپریشن عالمی ریکارڈ کا حامل رہا۔
اورنگ آباد کے مضافاتی علاقے مسار واڑی کی ساکن گڈی شیخ دوسری مرتبہ حاملہ تھی۔ پچھلے دیڑھ مہینے سے گھاٹی دواخانے میں وہ زیر علاج تھی۔
حاملہ خاتون کا وزن ایک سو پچاس کلو تھا جس کی وجہ سے وہ کئی امراض میں مبتلا تھی۔ ابتدا میں ڈاکٹروں نے حاملہ خاتون کو بڑے شہروں میں آپریشن کروانے کا مشورہ دیا۔ لیکن مریضہ اور اس کے خاندان کی مالی حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے خود ہی اس آپریشن کو ایک چلینج کے طور پر قبول کیا۔
ڈیلیوری وارڈ کے ایچ او ڈی ڈاکٹر سری نواس گڑپپا کی رہنمائی میں یہ پیچیدہ آپریشن کیا گیا۔ ڈاکٹر گڑپپا کا کہنا ہے کہ دونوں جانیں بچانا ہماری ترجیحات میں شامل تھا اور اوپر والے نے ہمیں کامیابی عطا کی۔
چوبیس جنوری کو حاملہ کا آپریشن کیا گیا اس کے بعد سے زچہ اور بچہ دونوں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔
میڈیکل کالج کے ڈپٹی ڈین ڈاکٹر سری نواس گڑپپا کی رہنمائی میں ڈاکٹر آنند کلیانکر اور ان کی پوری ٹیم کو اس غیر معمولی کارنامے کی انجام دہی کا اعزاز جاتا ہے۔ حاملہ خاتون کے یہ الفاظ ہی کافی ہیں کہ ان ڈاکٹروں نے اولاد سے زیادہ ان کی نگہداشت کی، آج زچہ اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔