ضلع اننت ناگ کے سری گفوارہ میں پنچ اور سرپنچوں کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت بی جے پی رہنما و سری گفوارہ کے سرپنچ محمد لطیف خان BJP Sarpanch Lateef Khan نے کی۔
اس موقع پر پارٹی کارکنان پنچ سرپنچوں سمیت بی ڈی او، محکمہ دیہی ترقی کے افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اجلاس کے دوران مذکورہ حلقہ انتخاب میں درپیش مسائل و بنیادی ضروریات کے حوالے سے گفت و شنید کی گئی اور اجلاس میں موجود افسران کو ان مسائل سے آگاہ کیا گیا
میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد لطیف خان نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے لیے واگزار کی گئی رقومات کا زمینی سطح پر کوئی عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوران اجاگر کئے گئے بیشتر مسائل و مطالبات کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا ہے۔
لطیف خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'بلاک سطح پر پنچوں و سرپنچوں کی جانب سے محکمہ جل شکتی، محکمہ بجلی و دیگر محکموں اور عوام کی بنیادی ضروریات بہم پہنچانے کے لیے مذکورہ محکموں کو رقومات واگزار کی گئی ہیں تاہم ابھی تک ان رقومات کو عوام کی بھلائی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لطیف خان نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کی جانب توجہ دی جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔