اننت ناگ کے سالیہ علاقے میں واقع پاپ ہرن ناگ میں 32 برس کے بعد ہون اور خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری پنڈتوں نے ایک طویل عرصے بعد اس تہوار میں شرکت کی اور خوشی کا اظہار کیا۔ پنڈتوں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں نے بھی اس تہوار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
پاپ ہرن ناگ ٹرسٹ کی جانب سے کشمیری پنڈتوں کی وادی سے ہجرت کے بعد پہلی بار اس طرح کا پروگرام پرانے طرز پر اننت چتردشی کے موقع پر منعقد ہوا۔ مذہبی اعتبار سے یہ جگہ کافی تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ جس کا ذکر ہندو پرانوں میں بھی ملتا ہے۔
صدر مارٹنڈ تیرتھ ٹرسٹ نے کہا کہ' 32 برسوں کے بعد پاپ ہرن ناگ پر اس طرح کی تقریب لوگوں کے لیے خوشی کا باعث بنی۔ نہ صرف پنڈت بلکہ مقامی مسلمانوں نے بھی اس تہوار کو ایک ساتھ مل کر منایا۔
مزید پڑھیں: کشمیر یونیورسٹی کے مختلف کورسیز کے لیے انٹرنس امتحانات کا انعقاد
اگرچہ مقامی آبادی نے ہمیشہ سے پاپ ہرن ناگ جیسی تاریخی اور اہم جگہ کے تحفظ یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ لیکن انتظامیہ سے اس جگہ کے تقدس و اہمیت کو بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے۔ کیونکہ ان مقامات سے نہ صرف مذہبی عقیدہ جڑا ہے، بلکہ اسے کشمیر کی میراث بھی تصور کیا جاتا ہے۔