اپنے بیان میں گورنر نے اس حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو فوری طورپر مناسب علاج کی سہولت فراہم کریں۔گورنر نے غمزدہ ارکان خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر و سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے بھی اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے غمزدہ ارکان خاندان سے ہمدری کا اظہار کیا۔ اسی دوران بی جے پی کے ریاستی صدر سوم ویر راجو نے بھی اس حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع میں شادی کی وین الٹ گئی۔ اس سڑک حادثہ میں7 افراد ہلاک ہوگئے۔
شادی میں شریک ہونے کے بعد صبح 3:30 بجے لوگ واپس ہو رہے تھے اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بریک فیل ہوگئے اور وین بے قابو ہوکر پہاڑی سے نیچے گرگئی۔
اس حادثے میں شدید زخمی ہوئےچار افراد کو راجہ مہیندراورم سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت گوکاورم منڈل کے ٹاکرپالیم گاؤں کے رہنے والوں کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس مقام حادثے پر پہنچ کر راحت اور بچاو اقدامات کررہی ہے۔