کسانوں نے واضح کیا کہ دارالحکومت پر وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے واضح اعلان تک ان کا احتجاج ختم نہیں ہوگا۔کسانوں کی بڑی تعداد نے تلورو علاقہ میں سڑک پر پکوان کا انوکھا احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ موجودہ دارالحکومت امراوتی کو ہی برقرار رکھا جائے۔
کسانوں کی بڑی تعداد نے سڑک پر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
ویلگاپوڑی علاقہ میں کسانوں کی زنجیری بھوک ہڑتال جاری ہے جس میں کسانوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں۔
ا ن کسانوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ امراوتی میں انفراسٹرکچر تیار ہے اور تین دارالحکومتوں کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے۔
کسانوں نے واضح کیا کہ ان کو ایک ہی دارالحکومت چاہیے جس کا وعدہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے ان کی اراضیات نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لیے لیتے وقت کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ جب حکومت نے امراوتی کو دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت کی اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بھی اس کو قبول کیا تھا اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا تاہم اب وائی ایس آر کانگریس سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے تمام علاقہ میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہی ہے۔
کسانوں نے الزام لگایا کہ تین دارالحکومتوں کے اعلان کے ذریعہ وزیراعلی ریاست کو تقسیم کررہے ہیں۔