ریاست راجستھان کے ضلع الور سے تعلق رکھنے والے بھارتی فوج کے کانسٹیبل روہتاس یادو جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ مقابلے کے دوران شہید ہوگئے۔
شہید روہتاس یادو ضلع الور کے تجارا سب ڈویژن علاقے کے رائے کھیڑا گاؤں کے رہائشی ہیں، جیسے ہی اہل خانہ کو روہتاس یادو کی شہادت کی اطلاع موصول ہوئی تو پورے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی، روہتاس یادو کے بھائی کیپٹن اوم پرکاش نے بتایا کہ وہ 6 بھائیوں میں سے 5 نمبر پر تھے، جن کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
روہتاس یادو کی لاش آج ان کے آبائی گاؤں رائے کھیڑا پہنچائی جائے گی، جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائے گی۔
روہتاس یادو کی تقرری 15 جنوری 2002 میں راجپوتانہ رائفلز 6 میں ہوئی تھی، فی الحال وہ حولدار کے عہدے پر تعینات تھے۔
شہید کے بھائی کیپٹن اوم پرکاش نے بتایا کہ موصولہ اطلاع کے مطابق شہید کی لاش آج شام 4 سے 5 بجے تک آبائی گاؤں رائے کھیڑا پہنچے گی، جن کی آخری رسومات گاؤں میں ہی ادا کی جائے گی۔ روہتاس کا کنبہ فی الوقت تجارا شہر میں رہ رہا ہے۔