اترپردیش کا صنعتی شہر گوتم بدھ نگر نوئیڈا بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے شدید طور پر متاثر ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ نوئیڈا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 نئے کیسیز سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح ضلع میں کیسز کی مجموعی تعداد 25562 ہو گئی ہے۔ تاہم 102 فعال کیس اب بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ اب گوتم بدھ نگر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پولیس بھی الرٹ ہوگئی ہے۔
وہیں، دوسری جانب پولیس کمشنر آلوک سنگھ نے شہریوں کو اس وبائی مرض سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے نئی پہل شروع کردی ہے جس کے تحت مختلف تھانہ حلقوں میں عوامی مقامات پر پی سی آر، ڈائل 112، مائک موبائل جیپ وغیرہ کے ذریعہ لوگوں کو آگاہ اور بیدار کیا جا رہا ہے۔
ساتھ ہی ساتھ پولیس کمشنر آلوک سنگھ نے شہریوں کو کورونا کے تحفظ کے حوالے سے مختلف جانکاریاں بھی فراہم کی ہیں۔
پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ شہری کورونا کو غیرسنجیدہ نہ لیں بلکہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ اس سے بہت بڑی روک تھام ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا مہلک ضرور ہے لیکن احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے آپ اپنے پیاروں اور ہم وطنوں کی زندگیوں کو بچاسکتے ہیں۔