اے ایم یو وائس چانسلر کی پہل پر وائرل ریسرچ اینڈ ڈائیگناسٹک لیباریٹری، مائکرو بایولوجی شعبہ اے ایم یو نے بیس نمونے جانچ کیلئے سی ایس آئی آر کے انسٹی ٹیوٹ آف جینومکس اینڈ بایولوجی، نئی دہلی کو بھیجے۔
پروفیسر حارث منصور خان، چیئرمین مائیکرو بایولوجی شعبہ اور پرنسپل انسٹی گیٹر، وائرل ریسرچ اینڈ ڈائیگنا سٹک لیباریٹری، اے ایم یو کے مطابق ان میں سے 18 نمونوں (90 فیصد) میں وائرس کی B.1.617.2 قسم پائی گئی، جسے ڈبل میوٹیشن ویریئنٹ کہا جاتا ہے۔
سب سے پہلی بار اس کی شناخت مہاراشٹر میں 5 اکتوبر 2020 کو ہوئی تھی۔ یہ دراصل B.1.617 کی ایک ذیلی قسم ہے جو اتر پردیش میں کووڈ کی دوسری لہر میں پھیلنے والا اصل وائرس ہے۔
عالمی صحت تنظیم نے اسے 'تشویش والی قسم' (VOC) قرار دیا ہے کیونکہ یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور زیادہ مہلک ہے۔ عالمی صحت تنظیم اسے 'ہندوستانی قسم' نہیں قرار دیتی اور سائنسی اصطلاح استعمال کرنے پر زور دیتی ہے۔
کورونا وائرس کی B.1.617 قسم جسے بھارت میں دوسری لہر کے دوران ہلاکتوں کے لئے ذمہ دار مانا جاتا ہے، اس کی تین ذیلی قسمیں تھیں جو B.1.617.1، B.1.617.2 اور B.1.617.3 کے نام سے جانی جاتی ہیں۔
ایک نمونے میں وائرس کی B.1. 1.7 قسم تھی جو سارس سی او وی-2 کے مقابلہ 40-80 فیضد زیادہ تیذی سے پھیلی ہے اور اس کی پہلی بار شناخت یو کے میں کی گئی تھی۔ ایک دیگر نمونے میں B.1 قسم تھی جو 2020 میں خاص طور سے اٹلی میں پھیلی اور پھر دنیا کے دیگر حصوں میں بھی پہنچی۔ تاہم وائرس کی کوئی نئی قسم نہیں پائی گئی۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں کووڈ 19 کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سرگرمی کے ساتھ اقدامات کیے گئے ہیں اور زیادہ سے زیادہ ٹیکہ کاری، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے پر سختی کے ساتھ عمل، ہاتھوں کی صفائی مستقل سیناٹائزیشن اور فیس ماسک استعمال پر زور دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی نے ایس سی ایم آر اور انسٹی ٹیوٹ آف جینومکس اینڈ بایولوجی، نئی دہلی کے ڈائریکٹر اور سبھی سائنسدانوں کا ان کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا ہے۔