ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ایم ڈی فارما کولوجی کے دو جونئر ڈاکٹر کا الزام ہے کہ ان کو دوبارہ فیل کیا جائے گا۔مزید اس بابت انہیں بلا کر دھمکیاں بھی دی گئیں ہیں۔
اس تعلق سے جونئر ڈاکٹرز نے ریسیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو شکایت کی، مزید ڈاکٹروں نے وائس چانسلر کو تحریر بھیج کر شکایت کی اورپھر میڈیکل کالج کے پرنسپل دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں۔
آر ڈی اے کے سیکرٹری ڈاکٹر کاشف نے بتایا کہ دو ریسیڈنٹ ڈاکٹر کو پھر سے دھمکی دی گئی ہے اس بابت جونئر داکٹرز اپنی شکایات لے کر ہمارے پاس آئے تھے جس کے بعد ہم نے فورا وائس چانسلر کو خط لکھا اور مطالبہ کیا ہے کہ امتحان دوبارہ کرایا جائے اور انٹرنل ایگزامنر کو بدلا جائے تاکہ وہ پھر سے امتحان میں ناکام نہ کرسکیں۔
آر ڈی اے کے صدر ڈاکٹر حمزہ ملک نے بتایاکہ' اچھی طرح کاپی لکھنے کے باوجود انہوں نے ہمارے ریسیڈنٹ کو باقاعدہ ناکام کیا جب ہم نے آر ٹی آئی کے ذریعے ان کی امتحان کی کاپی نکلوائی تو پتہ چلا کہ انہوں نے 100 میں سے 35 نمبر دیے ہیں۔ جبکہ ان کاپیوں کو پڑھ کر کم از کم 60 نمبر ملنے چاہئے۔ انہوں نےمزید کہاکہ' ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور مسلسل انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر حمزہ ملک نے بتایا کہ پروفیسر ضیاء الرحمٰن کا رویہ پہلے دن سے یہی رہا ہے، انہوں نے خود کہا ہے کہ ہم تم کو ناکام کریں گے اور تم جو چاہو کرو'۔ وہیں اس تعلق سے پروفیسر سید ضیاء الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر میں ابھی کچھ نہیں کہ سکتا کیونکہ ابھی امتحان ہوا ہے 20 نومبر کو نتائج آنے ہیں، ہم نے نتائج سیل کر کے امتحان کنٹرولر دفتر کو روانہ کردیاہے۔
مزید پڑھیں:
پی ایف آئی پر پابندی کا مطالبہ
امتحان دینے والے جونئر ڈاکٹر احمد نے بتایا کہ' دوسری مرتبہ جب میں اپنے والد کے ساتھ ان سے ملنے گیا تو انہوں نے اس بابت تصدیق بھی کی کہ' تم نے اچھا لکھا ہے'۔ ڈاکٹر احمد نے کہا کہ' ہمارا انتظامیہ سے بس یہی مطالبہ ہے کہ میں نے جو امتحان پہلے دیا ہے اس کی جانچ ہو، مجھے کیوں ناکام کیا گیا اور جب میں نے دوبارہ امتحان دیدیا ہے تو پھر مجھے ناکام نہ کیا جائے'۔