سلطان الہند حضرت خواجہ غریب نواز کے 809 ویں عرس کے موقع پر ایک طرف جہاں ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے چادر پیش کی گئی وہیں، دوسری جانب پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بھی درگاہ شریف کے لیے چادر کا نظرانہ بھیجا۔ ان کی چادر کو پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر آفتاب حسین اور ان کے ساتھی ذوالفقار علی لے کر اجمیر شریف پہنچے۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ' انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، مذہبی امور کے وزیر اور خارجہ سیکریٹری کی جانب سے چادر پیش کی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ' خواجہ معین الدین چشتیؒ کا دربار وہ دربار ہے جہاں سے کوئی خالی ہاتھ نہیں لوٹا۔ ہم نے اس خاص موقع پر پاکستان کے معاشی استحکام، بھائی چارہ، خطے میں امن و امان، کورونا وائرس سے نجات اور بھارت پاکستان کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے خصوصی دعائیں کیں'۔