ریاست راجستھان میں اجمیر کے انچارج سیکرٹری بھوانی سنگھ دیتھا نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے دوران اجمیر میں ہی کورونا کی جانچ شروع ہوجائے گی۔
اجمیر کے انچارج سیکرٹری بھوانی سنگھ دیتھا نے مقامی سرکٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد مریضوں کے سیمپل جے پور اور اودے پور بھیجنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
مسٹر دیتھا گزشتہ دو دنوں سے اجمیر میں ہی خیمہ زن ہیں اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ کورونا بحران کے سلسلے میں اجلاس کر رہے ہیں۔
شہر کے آبادی والے علاقوں میں شیلٹر ہوم بنائے جانے کی وسیع پیمانے پر مخالفت کے سوال پر مسٹر دیتھا نے کہا کہ انتظامیہ نے یونیورسٹی اور کایڑ آرام کے مقام کو اس کے لیے نشان زد کرلیا ہے اور ضرورت کے مطابق ہی شیلٹر ہوموں کا استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اجمیر سے چار سو مزدوروں کو آج واپس ان کے گھر بھیجنے کا انتطام کیا جارہا ہے تاکہ مزدور ہجرت کرنے کے بجائے محفوظ اپنے گھروں کو پہنچ سکیں۔
انہوں نے دو دن کے جائزے کے بعد ضلع اور پولیس انتطامیہ سمیت اجمیر کے طبی محکمے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے کام کی ستائش کی اور کہا کہ میڈیکل ٹیم اچھا کام کررہی ہے۔
مسٹر دیتھا کو امید ہے کہ ایک مخصوص علاقے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران آئے متاثر مریضوں پر قابو پالیا جائے گا۔ انہیں امید ہے کہ کورونا سے جلدی آزادی ملک جائے گی۔