ملک کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے چار ریاستوں میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ اتراکھنڈ، گوا، منی پور اور اترپردیش میں بی جے پی نے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی کی اس شاندار جیت پر ملک بھر میں بی جے پی کے کارکنان جیت کا جشن منارہے ہیں۔ ایسے میں ریاست گجرات سے بی جے پی اقلیتی سیل کے جنرل سکریٹری زین العابدین انصاری کا کہنا ہے کہ یہ بڑی مسرت کی بات ہے کہ پارٹی نے چار ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی اس جیت سے یہ بات بھی ثابت ہوجاتی ہے کہ ملک بھر میں بی جے پی کی لہر برقرار ہے اور اسی وجہ سے پارٹی کو شاندار کامیابی ملی ہے۔ Workers Celebrate BJP's Glorious Victory
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گجرات کے دورے پر آئے ہیں، انہوں نے جس طریقے سے اپنی قیادت میں ملک کے باشندوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدام اٹھائے ہیں، ذات اور مذاہب سے بالا تر ہوکر ملک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا ہے اسی کا یہ نتیجہ ہے کہ چار ریا ستوں کے عوام نے بی جے پی کو اپنی خدمت کا موقع دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبا کورونا کے دور میں جب دنیا کے بڑے بڑے ممالک نے گھٹنے ٹیک دیئے تب بھارت مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہا، اور دو سال تک غریبوں کو امداد اور مفت اناج دیا گیا۔ ایسے میں لوگوں کو بڑی راحت ملی اور انہوں نے کھل کر بی جے پی کے حق میں ووٹ دیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور سے مسلم خواتین نے بھی بڑھ چڑھ کر بی جے پی کے حق میں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ جس کی وجہ سے آج بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں برس گجرات میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی بی جے پی کی لہر چلے گی اور پارٹی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔