ماہ محرم کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ 9 اور 10 محرم کو امام حسین کی شہادت کی یاد میں جلوس نکالے جاتے تھے تاہم اس سال کورونا وبا کی وجہ سے یوم عاشورہ کا جلوس نہیں نکالا جائے گا۔
ایسے حالات میں گجرات میں کس طرح مجالس کا اہتمام کیا جارہا ہے، یہ جاننے کےلیے ای ٹی وی بھارت کی نمائندہ روشن آرا نے سنٹرل تعزیہ کمیٹی گجرات کے چیئرمین پرویز مومن سے خصوصی بات کی۔ پرویز مومن نے بتایا کہ نواسے رسولﷺ امام حسینؓ اور 72 ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں ہر سال یوم عاشورہ منایا جاتا ہے۔ اس سال 19 اگست اور 20 اگست کو یوم عاشورہ کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرم انتظامات کے سلسلہ میں گذشتہ 11 اگست کو محکمہ پولیس اور سنٹرل تعزیہ کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کورونا کی تیسری لہر کو نظر میں کھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اس سال یوم عاشورہ کا جلوس نہیں نکالا جائے گا اور محرم کے دوران منعقد ہونے والی مجالس میں کورونا گائیڈ لائین پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر آج بھی گائک واڑ حویلی پولیس اسٹیشن میں پولیس افسران کے ساتھ ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں کورونا سے حفاظت کےلیے محرم جلوس پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ محرم کے دوران لوگ اپنے محلوں، گھروں اور امام بارگاہوں میں تعزیہ داری کر سکتے ہیں اور تمام رسومات ادا کی جاسکتی ہے لیکن تعزیہ جلوس کی شکل میں نہیں نکالیں جائیں گے۔ انہوں نے شیعہ برادری سے اپیل کی کہ وہ کورونا گائیڈ پر سختی سے عمل کرتے ہوئے جلوس نہ نکالیں، جبکہ اپنے محلوں و امام بارگاہوں میں ہی رسومات ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بارہ بنکی میں عاشورہ کے موقع پر اجتماعی تقریب پر پابندی
واضح رہے کہ ہر سال احمدآباد میں بڑے تزک و احترام کے ساتھ 93 تعزیے نکالے جاتے تھے اور بڑے پیمانے پر تعزیوں کا استقبال کیا جاتا تھا۔ جلوس میں لاکھوں عقیدت مند شریک ہوتے تھے لیکن اس سال کورونا وبا کے چلتے محرم کے جلوس نہیں نکالے جائیں گے۔