گجرات میں بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے آئندہ دنوں میں کورونا وائرس کا مزید خطرہ بڑھنے کا امکان ہے۔وہیں احمد آباد کے دریاپور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی غیاث الدین شیخ نے گجرات الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔
بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی پریشانیوں اور چیلنجز سے متعلق ایک مکتوب بھی دیا۔
گجرات کی 6 میونسپل کارپوریشن (احمدآباد، وڈودرا، سورت، راجکوٹ، بھاونگر، اور جام نگر) 56 نگر پالیکا، 31 ضلع پنچایت، اور 231 تعلقہ پنچایت کی معیاد عنقریب مکمل ہونے والی ہے۔ جس کے لیے انتخابات اکتوبر تا دسمبر تک کرنے کی تیاریاں الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جارہی ہے۔ جس کے لیے الیکشن کمیشن نے حد بندی اور روٹیشن کا ابتدائی اعلان جاری کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں رکن اسمبلی غیاث الدین شیخ نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کر کے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال اور کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے پیش نظر اگر ریاستی الیکشن کمیشن آئندہ ماہ بلدیاتی انتخابات کا اعلان کر دیتی ہے تو سیاسی جماعتیں، سیاسی رہنما اور امیدوار اور کارکنان انتخابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی سیاسی رہنما اور کارکنان انتخابات لڑنے اور جیتنے کے لیے پوری کوشش کریں گے اس دوران اگر کووڈ کے سبب عوامی جلسے نہیں ہوتے ہیں تو یہ لوگ سڑکوں پرنکل کر، لوگوں کے گھر گھر جا کر سب سے ملیں گے، جس سے لوگوں کے گھروں، محلوں اور گلیوں میں کوروناوائرس کے مزید پھیلنے کا امکان ہے۔ جس سے عام انسان کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنما بھی کورونا سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس تعلق سے غیاث الدین شیخ نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں کورونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے گجرات الیکشن کمیشن انتہائی مناسب ، پختہ اور صحیح طریقے کا عملی اقدامات اٹھائے۔ ورنہ گجرات میں کورونا وائرس کو اور زیادہ بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔