گجرات کے احمدآباد میں واقع شاہی جامع مسجد میں علمائے کرام نے پریس کانفرنس کو خطاب کیا۔ اس موقع پر شاہی امام اور گجرات چاند کمیٹی کے صدر مفتی شبیر احمد صدیقی نے کہا کہ اترپردیش شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر ایک کتاب تحریر کی ہے جس میں انہوں نے پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متنازعہ کتاب میں پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں نازیبا جملے تحریر کئے گئے جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے گستاخی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے وسیم رضوی کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مفتی شبیر احمد صدیقی نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندر مودی سے فوری طور پر پیغمبر اسلامﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف قانون بنانے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لکھنؤ میں وسیم رضوی کے خلاف شدید احتجاج
مفتی شبیر احمد صدیقی نے مزید کہا کہ وسیم رضوی کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ اور وزیراعظم کو ایک میمورنڈم بھیجا جائے گا اور وسیم رضوی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی کوشش کی جائے گی۔