کوروناوائرس سے متاثرہ علاقوں میں معائنہ کرنے والی میڈیکل ٹیم پر حملوں کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز گجرات کے وڈودرا اور احمد آباد میں پولیس پر پتھر بازی کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس پر ریاستی پولیس کے سربراہ شیوانند جھا نے کا کہا ہے کہ ’’اگر اب آپ پولیس یا میڈیکل ٹیم پر حملہ کرتے ہیں تو پاسا قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔‘‘
پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے ریاستی پولیس کے سربراہ شیوانند جھا نے کہا ’’ریاست میں کورونا کے مثبت کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ایک شخص متعدد افراد کو متاثر کر رہا ہے۔ ایسی حالت میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ پولیس ہر حال میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کی پابند ہے اور ’’لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈائون کے دوران ’’سبزی منڈیوں، بینکوں اور دکانوں میں ڈرون سرویلنس کے ذریعے مشاہدہ کیا جائےگا۔‘‘
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ راجکوٹ میں سی سی ٹی وی کی بنیاد پر جرم درج کیے گئے ہیں ’’دوا لینے کے بہانے تین دنوں میں 21 بار ایک نوجوان باہر نکلا تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے سے متعلق 368 کیسز درج کیے گئے ہیں۔