اسٹریٹ لائٹز کے تعلق سے کانگریس کے کاؤنسلر حاجی اسرار بیگ مرزا نے کہا کہ احمدآباد میونسپل کارپوریشن نے اسٹریٹ لائٹز خراب ہونے کی شکایت کرنے کے لیے 155303 ٹول فری نمبر دیا ہے۔
اس نمبر پر فون کرنے پر باقاعدہ شکایت درج ہوتی ہے اور وہ لوگ کہتے ہیں کہ آپ کی شکایت تین دنوں میں ختم ہو جائیگی تین دنوں کے بعد ایک میسج آتا ہے کہ آپ کی پریشانی دور کی جا چکی ہے لیکن پریشانی جوں کی توں بنی رہتی ہے۔ اسٹریٹ لائٹ اسی طرح بند پڑی ہیں۔ لہٰذا اسٹریٹ لائٹ بند ہونے سے عوام پریشان حال ہیں اور ان کی پریشانی سننے والا کوئی نہیں ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 'لاک ڈاؤن میں تو اسٹریٹ لائٹ کے بغیر ہم نے اندھیرے میں زندگی گزار لی لیکن اب حالات معمول پر آنے کے بعد بھی اسٹریٹ لائٹز بند پڑی ہیں۔ یہاں اندھیرے کی وجہ سے بہت سے غیر قانونی کام بھی ہوتے رہتے ہیں۔ کئی حادثے بھی ہو چکے ہیں لیکن اب تک میونسپل کارپوریشن سو رہی ہے۔ اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ احمدآباد میونسپل کارپوریشن نیند سے جاگے اور اسٹریٹ لائٹ کا مسئلہ حل کرے۔'