ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں یوم آزادی اور راکھی کے موقعے پر تاجروں نے ترنگے اور رکشا بندھن کی الگ الگ تھیم پر راکھیاں تیار کی ہیں۔
واضح رہے کہ انیس برس بعد پندرہ اگست کو رکشا بندھن اور یوم آزادی ایک ساتھ منائی جائے گی۔
احمد آباد سے تعلق رکھنے والے راکھی تاجر اقبال بیلم نے کہا کہ 'وہ اپنی راکھی کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ 370 کی دفعہ ختم کرکے مودی جی نے کشمیریوں کے لیے بے حد اہم قدم اٹھایا ہے، اسی طرح وہ اس رکشا بندھن پر کشمیری بہنوں کی حفاظت کا وعدہ کریں اور ایسا کام کریں جس سے کشمیری عوام کی ترقی دوسری ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ ہو سکے۔'
واضح رہے کہ اقبال بیلم کی چار نسلیں مسلسل راکھی کےکاروبار سے منسلک ہیں، اس سال انہوں نے قومی یکجہتی، بھائی چارہ ،امن و امان، بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو، منشیات سے نجات، وغیرہ پر انوکھا پیغام دینے والی راکھیاں بنائی ہیں۔
اپنی راکھیوں کو مختلف تھیم پر بنانے کے مقصد کو لے کر اقبال بیلم نے کہا کہ 'ہر ہندو بھائی کو اپنی بہن سے راکھی بندھوا کر ایک وعدہ کرنا پڑتا ہے اسی طرح ہم اس راکھی میں اپنا اپنا پیغام دے کر لوگوں سے وعدہ لے رہے ہیں کہ اپنی بہن کی حفاطت کے ساتھ ساتھ ملک کی حفاظت میں حصہ لیں اور ایسا کام کریں جس سے بھائی چارہ، امن امان ملک میں قائم رہے۔'
ترنگے کی تھیم پر بنائی گئی ان راکھیوں سے خریدار کافی خوش نظر آرہے ہیں۔