نئی دہلی: تریپورہ کی مشہور نامیاتی کوئن انناس کو دہلی میں ایک تقریب میں لانچ کیا گیا۔ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے ایک تقریب میں انناس چکھا۔ اس موقع پر تریپورہ کے زراعت اور کسانوں کی بہبود، توانائی اور پارلیمانی امور کے وزیر رتن لال ناتھ بھی موجود تھے۔ پروگرام میں تومر نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔ تریپورہ حکومت اور ریاستی کوآپریٹو سپلائی اینڈ مارکیٹنگ فیڈریشن (ایس آئی ایم ایف ای ڈی) کی طرف سے دہلی ہاٹ، آئی این اے میں منعقد ایک تقریب میں تومر نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ ہم سب کا سر ہے جسے پہلے نظر انداز کیا جاتا تھا اور اس کے لیے بجٹ میں مختص رقم کم تھی لیکن اب اس علاقے پر پوری توجہ دی گئی ہے۔
وزیر اعظم 9 برسوں میں 52 بار شمال مشرق کا دورہ کر چکے ہیں، ساتھ ہی مرکزی وزراء بھی ان کی رہنمائی پر وہاں کا باقاعدہ دورہ کر رہے ہیں، جس کا مقصد شمال مشرق میں کسی بھی قسم کی مشکلات کو دور کرنا اور وہاں ترقی لانا ہے۔ شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزارت بھی مسلسل سرگرم ہے اور خطے کی ترقی کے لیے اسکیموں کے نفاذ میں شامل ہے۔حکومت ہند پوری طرح سے ان ریاستوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مستقبل میں بھی مرکزی حکومت ریاستوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کرتی رہے گی۔ مرکزی حکومت آئل پام کی کاشت کے لیے ایک مشن بھی چلا رہی ہے جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: Tomar On Farmers چھوٹے کسانوں کو ٹیکنالوجی کا فائدہ ملنا چاہئے، تومر
تومر نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں نامیاتی کاشتکاری میں کافی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، سکم کو ایک نامیاتی ریاست قرار دیا گیا ہے، جبکہ تریپورہ بھی اس راستے پر آگے بڑھ رہا ہے، جو کہ قابل ستائش ہے۔ شمال مشرقی خطے کی ریاستوں میں زراعت کی کافی ترقی ہوئی ہے۔ اس شعبے کی مصنوعات نے عالمی منڈی میں اپنی شناخت بنائی ہے اور برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ اس وقت بھی شمال مشرقی خطے میں زراعت اور باغبانی کی ترقی کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ شمال مشرق کے کسان نامیاتی کھیتی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس موقع پر تریپورہ کی نامیاتی کوئن انناس کی انفرادیت، معیار اور افادیت کو دکھایا گیا اور چکھنے کا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی وزارت کے سکریٹری لوک رنجن، تریپورہ کے زراعت کے سکریٹری اپوربا رائے، باغبانی کے ڈائریکٹر سریندو داس، ڈاکٹر پھنی بھوشن وغیرہ موجود تھے۔
یو این آئی