ممبئی: ایک خصوصی عدالت نے آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق سی ای او چندا کوچر ان کے شوہر دیپک کوچر اور ویڈیوکان گروپ کے بانی وینوگوپال دھوت کو لون فراڈ کیس میں 10 جنوری تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ کوچر کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے گزشتہ جمعہ کو گرفتار کیا تھا، جب کہ دھوت کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔ تینوں کی ابتدائی حراست کی مدت جمعرات کو ختم ہو رہی تھی۔ انہیں خصوصی جج ایس ایچ گوالانی کے سامنے پیش کیا گیا۔
سی بی آئی نے تینوں کی مزید تحویل کا مطالبہ نہیں کیا۔ سی بی آئی کی نمائندگی اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اے لیموزین نے کی۔ اس کے بعد عدالت نے تینوں ملزمان کو 10 جنوری 2023 تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ کوچر جوڑے اور دھوت کے علاوہ، سی بی آئی نے دیپک کوچر کے زیر انتظام نیو پاور رینیوایبلز (این آر ایل)، سپریم انرجی، ویڈیوکان انٹرنیشنل الیکٹرانکس لمیٹڈ اور ویڈیوکان انڈسٹریز لمیٹڈ کو تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آر میں ملزم کے طور پر نامزد کیا ہے۔ ایجنسی کا الزام ہے کہ آئی سی آئی سی آئی بینک نے بینکنگ ریگولیشن ایکٹ، آر بی آئی کے رہنما خطوط اور بینک کی قرض کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وینوگوپال دھوت کے ذریعہ ویڈیوکان گروپ کی کمپنیوں کو 3,250 کروڑ روپے کے قرض کی منظوری دی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق، اس منظوری کے بدلے میں، دھوت نے سپریم انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ (SEPL) کے ذریعے NuPower Renewables میں 64 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی اور دھوکہ دہی سے SEPL کو 2010 اور 2012 کے درمیان پنیکل انرجی ٹرسٹ کو منتقل کر دیا۔ پنیکل انرجی ٹرسٹ اور این آر ایل کا انتظام دیپک کوچر کے پاس تھا۔
مزید پڑھیں: