مرکزی حکومت نے مرکز کے دائرہ اختیار میں کام کرنے والے ملازمین کے ویریبل ڈیرنیس الاونس (وی ڈی اے) کی کم از کم سطح پر نظرثانی کرتے ہوئے بنیادی تنخواہ میں اضافہ کیا ہے جو یکم اکتوبر سے نافذ ہوگا۔
محنت اور روزگار کی مرکزی وزارت نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ حکومت نے مرکز کے دائرہ اختیار میں کام کرنے والے کانٹریکٹ پارٹ ٹائم ملازمین کے وی ڈی اے کی بنیاد پر تبدیلی کی ہے۔ اس سے بندرگاہوں، کانوں، ریلوے، روڈ اور تعمیراتی شعبہ میں کام کرنے والے ڈیڑھ کروڑ ملازمین کو فائدہ ملے گا۔
وزارت نے کہا کہ وی ڈی اے میں تبدیلی کا نوٹفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے کورونا وبا سے نبردآزما ملازمین کو خاص طورپر فائدہ ہوگا۔ وی ڈی اے میں تبدیلی یکم اکتوبر سے نافذ ہوجائے گی۔ وزارت نے کہا کہ جنوری سے جون 2021کی مدت کے لئے وی ڈی اے کی نئی شرحیں نافذ ہوں گی۔
محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر بھوپندر یادو نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے مختلف شعبوں میں کام کررہے 1.5کروڑ ملازمین کو فائدہ ملے گا۔ یہ مزدور تعمیرات،سڑک، ہوائی اڈوں، کانوں اور زراعت کے شعبہ میں کام کررہے ہیں۔ وی ڈی اے مختلف شعبوں میں کام کررہے کانٹریکچول پارٹ ٹائم ملازمین پر نافذ ہوتا ہے۔ چیف لیبر کمشنر ڈی پی ایس نیگی نے کہاکہ ہر سال یکم اپریل اور یکم اکتوبر کو وی ڈی اے کی شرحیں نافذ کی جاتی ہیں۔
یو این آئی