وزارت شہری ہوا بازی کی جوائنٹ سکریٹری اوشا پاڑھی نے بتایا کہ فضائی خدمات 25 مئی سے دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے تقریباً 27 لاکھ افراد سفر کر چکے ہیں۔ ان میں 800 سے زائد افراد کے کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 لاکھ مسافروں میں محض 800 کورونا متاثر ہوئے ہیں جو بے حد کم ہے۔
چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شہری ہوابازی کے شعبے پر منعقد ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے اوشا پاڑھی نے کہا کہ 'جو لوگ ہوائی سفر کے بعد متاثر پائے گئے تھے ان کے رابطے میں آنے والے متاثرین کے بارے میں مکمل معلومات اکٹھا کی گئی ہے نیز ہوائی جہاز میں ان کے آس پاس بیٹھنے والے تمام مسافروں کے بارے میں معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہے اور راحت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے کوئی بھی کورونا متاثر نہیں پایا گیا ہے۔
بھارت: گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریبا 25 ہزار نئے کیسز
مستقبل میں غیر یقینی صورتحال کی بات قبول کرتے ہوئے وزارت شہری ہوا بازی کی جوائنٹ سکریٹری نے کہا کہ 'اس درمیان امید کی کرن بھی نظر آ رہی ہے۔ مکمل لاک ڈاؤن کے دوران 'لائف لائن پرواز' کے ذریعے جس طرح وقت پر میڈیکل سامان کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا وہ قابل تعریف ہے۔
اسی سلسلے میں انہوں نے بیرون ممالک پھنسے ہوئے بھارتی شہریوں کو واپس لانے کے لیےشروع کیے گئے 'وندے بھارت مشن' کا بھی ذکر کیا۔
کفایتی ہوا بازی کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی اسپائس جیٹ کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر اجے سنگھ، پرائیویٹ ایئر لائنز ایئر ایشیا انڈیا کے سی ای او سنیل بھاسکرن، ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو کے چیف اسٹریٹجی افسر سنجے کمار اور پی ایچ ڈی کے صدر ڈے کے اگروال سمیت کئی مقررین نے پروگرام میں اظہار خیالات کیا۔