مرکزی بورڈ برائے بالواسطہ ٹیکس اور کسٹم نے مالی سال 19-2018 کے لیے جی ایس ٹی آر 9، جی ایس ٹی آر 9 اے اور جی ایس ٹی آر-9 سی کے تحت جی ایس ٹی ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کرتے ہوئے 31 دسمبر 2020 کر دی ہے۔
مرکزی بورڈ برائے بالواسطہ ٹیکس اور کسٹم نے ہفتہ کو اس تعلق سے ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ بورڈ نے کہا کہ پہلے یہ ریٹرن داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر تھی لیکن کورونا کے سبب پیدا صورتحال کے پیش نظر اب اس تاریخ کو بڑھا کر 31 دسمبر 2020 کیا جارہا ہے۔
بورڈ نے بتایا کہ حکومت کے پاس مالی سال 19-2018 کے لیے جی ایس ٹی بھرنے کی تاریخ کو بڑھانے کے تعلق سے متعدد سفارشیں موصول ہورہی تھیں۔ کورونا انفیکشن کے سبب لگائے گئے لاک ڈاون اور دیگر پابندیوں کی وجہ سے کاروبار اورمعمول کا آپریشن نہیں ہوا ہے۔ اسی وجہ سے ریٹرن بھرنے کی تاریخ کا مطالبہ کیا جارہا تھا اور اس پر جی ایس ٹی کونسل کی سفارش کے بعد ریٹرن داخل کرنے کی تاریخ کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
بورڈ نے کہا کہ جن کاروباریوں کا ٹرن اوور دوکروڑ روپے سے کم ہے، ان کے لیے جی ایس ٹی آر-9 یا جی ایس ٹی آر -9 اے کے تحت سالانہ ریٹرن فائل کرنا اختیاری ہے۔