آج پارلیمنٹ میں 2020-21 کا مرکزی بجٹ پیش کرتے ہوئے خزانہ اور کارپوریٹ امور کی مرکزی وزیر نرملا سیتارمن نے کہا کہ' فی الحال لکویڈ اور گرے آبی بندوبست کے سلسلے میں مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ توجہ ٹھوس کچڑے کو اکٹھا کرنے اور جہاں سے اسے اکٹھا کیا جارہا ہے، وہیں پر اسے علیحدہ کرنے اور اس کی پروسیسنگ کرنے پربھی ہونی چاہیے۔ سنہ 2020-21 میں سوچھ بھارت مشن کے لیے مجموعی طور پر 12,300 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
نرملا سیتارمن نے کہا کہ' جل جیون مشن کے لیے 3.60لاکھ کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں، جس کا مقصد سبھی کنبوں کو پائپ کے ذریعے پانی کی سپلائی کی سہولت دستیاب کرانا ہے۔ نرملا سیتارمن نے مزید کہا کہ اس اسکیم میں پانی کے مقامی وسائل میں اضافہ کرنے، پانی کے موجودہ وسائل کو ری۔چارج کرنے اور پانی جمع کرنے اور اس کے کھارے پن کو دور کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ شہر جن کی آبادی دس لاکھ سے زیادہ ہے، وہاں یہ ہدف رواں سال کے دوران ہی پورا ہوجائے۔ اس اسکیم کے لیے مالی سال 2020-21 کے دوران 11,500 کروڑ روپے کے وسائل دستیاب کرائے جائیں گے۔