پی چدمبرم نے 3 اپریل تک یس بینک اکاؤنٹ رکھنے والوں کے لیے روپے نکالنے کی حد 50،000 روپے کرنے کے حکومت کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ' مالیاتی اداروں کو آسانی سے چلانے کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی صلاحیت بے نقاب ہو گئی ہے۔
چدمبرم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا' بی جے پی چھ برسوں سے اقتدار میں ہے۔ مالیاتی اداروں کو چلانے اور ان کو منظم کرنے کی ان کی صلاحیت بے نقاب ہوگئی ہے۔ یہ سب سے پہلے پی ایم سی بینک کے معاملے میں اور اب یس بینک کے معاملے میں ہوا۔ کیا حکومت پریشان ہے؟ کیا وہ اپنی ذمہ داری سے بھاگ سکتی ہے؟ کیا کوئی تیسرا بینک بھی اسی لائن میں ہے؟ '
واضح ر ہے کہ حکومت نے نجی شعبے یس بینک پر 30 دن کی عارضی پابندی عائد کرتے ہوئے اس دوران، اکاؤنٹ ہولڈروں کے لیے روپےنکالنے کی حد 50،000 مقرر کی ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی جمعرات کی شام 6 بجے سے شروع ہوئی ہے اور یہ 3 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس پوری مدت کے دوران، اکاؤنٹ رکھنے والے 50،000 روپے سے زیادہ رقم نہیں نکال پائیں گے۔ اگر اس بینک میں کسی اکاؤنٹ رکھنے والے کے پاس ایک سے زیادہ اکاؤنٹ ہیں، تب بھی وہ مجموعی طور پر صرف 50 ہزار روپے نکال سکتا ہے۔