بازاروں میں پیاز اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے عام صارف بری طرح پریشان ہیں۔ ڈیمانڈ اور سپلائی کا توازن بری طرح سے بگڑ گیا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ پیاز کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔
راجستھان میں بھی ان دنوں پیاز کی قیمت آسمان چھو رہی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے پیاز کی قیمتوں میں آئی تیزی کی وجہ سے گھر کا بجٹ بگڑ گیا ہے، جبکہ سبزی منڈیوں میں خریداروں کی کمی سے دکانداروں میں مایوسی پائی جارہی ہے اور عوام بھی پیاز کی قیمت سے مایوس ہیں۔
دارالحکومت جے پور میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے کا جائزہ لینے کے لیے ای ٹی وی بھارت کی ٹیم پہنچی، دکاندار و عوام سے رائے جاننے کی کوشش بھی کی۔
جے پور کی منڈیوں میں پیاز 50 روپے سے 70 روپے کیلو تک فروخت ہورہے ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ریاست راجستھان کی کانگریس حکومت بھی پریشانی میں نظر آرہی ہے۔ حکومت کے نمائندوں کے مطابق پیاز کی قیمتوں کو لے کر حکومت کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں '۔
دکانداروں نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے پیاز خراب ہوچکا ہے۔ اس لیے بازار میں پیاز مہنگا فروخت ہورہا ہے۔ پیاز کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کاروبار متاثر ہورہا ہے'۔