نئی دہلی: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بھارت میں اپنے آئی فون 11 کی مینوفیکچرنگ شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمپنی انہیں فاکسکن کے تامل ناڈو پلانٹ میں بنا رہی ہے۔ یہ آئی فون کا پانچواں ماڈل ہے جس کی مینوفیکچرنگ بھارت میں شروع ہوئی ہے۔
اطلاعات ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'سنہ 2020 میں آئی فون 11 اور 2019 میں آئی فون 7 اور ایکس آر، سنہ 2018 میں آئی فون 6 ایس اور 2017 میں آئی فون ایس آئی کی بھارت میں مینو فیکچرنگ شروع ہوئی۔'
انہوں نے کہا کہ 'ایپل نے بھارت میں اپنے جدید ترین آئی فون کی تیاری شروع کر دی ہے۔''
ذرائع نے ایک بھارتی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ 'فاکسکن نے اپنے شری پیرنبدور پلانٹ میں آئی فون 11 کی مینو فیکچرنگ شروع کر دی ہے۔ اس کام کو شروع ہوئے چند ماہ گزر چکے ہیں جبکہ بھارت میں بنایا گیا آئی فون 11 گزشتہ ماہ سے ہی مارکٹ میں دستیاب ہے۔
فاکسکن ایپل کے لیے آئی فون ایکس آر بھی تیار کرتا ہے جبکہ ویسٹرون نے آئی فون 7 تیار کیا۔ ایپل اور فاکسکن نے اس سلسلے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ بھارت میں ایپل کے آئی فون 11 کی ابتدائی قیمت 68،000 روپے کے قریب ہے۔