نئی دہلی: ای کامرس کمپنی فلپ کارٹ نے نوکیا برانڈ کا لیپ ٹاپ بھارتی مارکٹ میں متعارف کیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد 'ورک فرام ہوم' گھروں سے کام کرنے اور آن لائن تعلیم کے رواج میں اضافہ کی وجہ سے لیپ ٹاپ کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔
نوکیا کے لیپ ٹاپ کی قیمت 59،990 روپے سے شروع ہے۔ 18 دسمبر سے صارفین اس کی پری بکنگ کرسکیں گے۔
والمارٹ کی ملکیت والی فلپ کارٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے نوکیا پیور بک ایکس 14 لیپ ٹاپ متعارف کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نوکیا لیپ ٹاپ کے میدان میں داخل ہوئی ہے۔ مارکٹ میں کمپنی کا مقابلہ ایچ پی، ڈیل، لینووو، ایسر اور اسوس کے ساتھ ہے۔
فلپ کارٹ نے کہا کہ لیپ ٹاپ مارکٹ میں صارفین کے جائزوں کا مطالعہ کرنے سے کمپنی کو معلوم ہوا ہے کہ اس شعبے میں زیادہ مانگ ہے۔ اسی کے پیش نظر کمپنی نے نوکیا کے ساتھ لیپ ٹاپ صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لیپ ٹاپ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوکیا لیپ ٹاپ کی یہ پیش کش فلپ کارٹ کی خصوصی لائسنس شراکت کا ایک حصہ ہے۔ اس کے تحت فلپ کارٹ نوکیا کے سمارٹ ٹی وی، نوکیا میڈیا اسٹریمرز اور لیپ ٹاپ کی تیاری اور تقسیم میں مدد کرے گی۔
نوکیا میں برانڈ پارٹنرشپ کے نائب صدر وِپُل مہروترا نے کہا کہ نئی پروڈکٹ زمرے میں نوکیا برانڈ کا تعارف فلپ کارٹ کے ساتھ ہماری کامیاب شراکت داری کا نتیجہ ہے۔ ہم ملک کے صارفین کو نوکیا برانڈ کے لیپ ٹاپ فراہم کرنے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
نوکیا پیور بک ایکس 14 کا وزن 1.1 کلو ہے۔ اس میں 14 انچ اسکرین اور انٹیل آئی 5، 10 ویں جنریشن کواڈ کور پروسیسر ہے۔ 18 دسمبر سے صارفین اس کی پری بکنگ کرسکیں گے'۔