مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران 21 دنوں تک اشیائے ضروری کی کوئی قلت نہیں ہوگی لہذا دہشت زدہ ہو کر سامان خرید نے کی دوڑ سے گریز کرنا چاہیے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بد ھ کے روز ہوئی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت تین ماہ کا راشن ایڈوانس میں دے گی۔
ملک کے 80 کروڑ لوگوں کو راشن ملے گا اور کسی ضروری سامان کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران 21 دنوں تک ملک بھر میں کہیں بھی اشیائے ضروری کی دکانیں بند نہیں ہوں گی۔ لوگ دہشت زدہ ہو کر کی خریداری نہ کریں، نہیں تو اس سے ذخیرہ اندوزی اور کالابازاری کوفروغ ملے گا۔'
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروری کی تمام دکانیں ہر دن کھلیں گی چاہے، دودھ، پھل سبزی ہو، انڈے- گوشت ہو یا پھر دیگر ضروری سامان ہو۔ تمام چیزیں ویسے ہی دستیاب ہوں گی، جیسے حسب سابق دستیاب ہوتی ہے'۔
انہوں نے گجرات کے ایک شہر اور پڈوچیری کی ایک دکان کی تصویر دکھا کر کہا کہ لوگ بیدار ہوں۔ دکان میں خریداری کرتے وقت بھی مناسب فاصلے بنا کر رکھیں۔ اس سے وہ سامان بھی لے پائیں گے اور انفیکشن سے بھی بچے رہیں گے۔'