ممبئی: ایشیائی بازاروں سے ملے منفی اشاروں کے درمیان گھریلو شیئر بازار آج تقریباً پورے دن دباؤ میں تھا اور بی ایس ای کا 30 شیئر والا سنسیری انڈیکس سینسیکس 164 پوائنٹس سے زیادہ کمزور ہو کر ایک ہفتے سے زیادہ کی نچلی سطح پر بند ہوا۔
سینسیکس شروعاتی تیزی میں کھلا لیکن اس کے بعد تقریباً پورے دن لال نشان میں تھا۔ بالآخر 164.11 پوائنٹس یعنی 0.31 فیصد کمزور ہو کر 23 جون کے بعد نچلی سطح 52318.60 پوائنٹس پر آ گیا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 43.50 پوائنٹس یعنی 0.26 فیصد کمزور ہو کر 15680 پوائنٹس پر بند ہوا جو 22 جون کے بعد کی نچلی سطح ہے۔ دونوں انڈیکس مسلسل چوتھے دن لال نشان میں بند ہوئے ہیں۔
بجلی، انرجی، آئی ٹی، ٹیک، ٹیلی کام، بینکنگ اور فائنانس سیکٹر کی کمپنیوں میں فروخت تھی۔ آٹو، صحت اور ایف ایم سی جی کمپنیوں میں خرید سے سینسیکس مزید کمزور ہونے سے بچ گیا۔
متوسط کمپنیوں سے بھی سرمایہ کاروں نے پیسہ نکالا جبکہ چھوٹی کمپنیوں میں انہوں نے پیسہ لگایا۔ بی ایس ای کا مڈکیپ 0.19 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 22494.14 پوائنٹس پر بند ہوا۔ چھوٹی کمپنیوں کا مظاہرہ اچھا رہا۔ بی ایس ای کا اسمال کیپ 0.32 فیصد مضبوط ہو کر 25312.59 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
یو این آئی