مرکزی حکومت نے عام آدمی کو مہنگائی کا ایک اور دھچکا دیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے درمیان حکومت نے گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں 25 روپے کا اضافہ کیا ہے، جبکہ کمرشل سلنڈروں کی قیمت میں 6 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔
حالیہ اضافے کے بعد دہلی میں 14.2 کلو گیس سلنڈر کی قیمت 719 روپے ہوگئی ہے۔ جبکہ کولکاتا میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کے اضافے کے ساتھ 745.50 روپے، ممبئی میں 25 اضافے کے ساتھ 719 روپے اور چنئی میں 25 کے اضافے کے ساتھ 735 روپے ہوگئی۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ ہائی کورٹ کا فری قرض والے ایپس کو بند کرنے کا حکم
اس سے قبل یکم فروری کو تیل کمپنیوں نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر (19 کلوگرام) کی قیمت میں 190 روپے فی سلنڈر اضافہ کیا تھا۔ جس دن کمرشل سلنڈروں کی قیمت میں اضافہ کیا گیا، گھریلو سلنڈروں کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
دسمبر میں تیل کمپنی نے گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں دو بار اضافہ کیا تھا۔ کمپنی نے پہلے 2 دسمبر کو 50 روپے اضافہ کیا تھا، اس کے بعد پھر 15 دسمبر کو 50 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔