نئی دہلی: ریلائنس جیو نے ایک بار پھر اوسط 4 جی ڈاؤنلوڈ اسپیڈ میں گذشتہ تین برس سے زیادہ سے چلی آرہی اپنی بالادستی برقرار رکھی ہے نومبر کے مہینے کے ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) کے اعداد و شمار کے مطابق، جیو کی اوسط ڈاؤن لوڈ کی اسپیڈ 20.8 ایم بی پی ایس کی پیمائش کی گئی، جو اکتوبر سے 3.0 ایم بی پی ایس زیادہ ہے۔ اکتوبر میں، ریلائنس جیو کی 4 جی ڈاؤن لوڈ کی اسپیڈ 17.8 ایم بی پی ایس تھی۔
ریلائنس جیو گذشتہ تین برس سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی اسپیڈ کے لحاظ سے نمبر ون 4 جی آپریٹر کا مقام برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ٹرائی کے مطابق نومبر میں بھارتی ایئر ٹیل کی کارکردگی میں معمولی بہتری آئی ہے۔ نومبر میں ایرٹیل کی اوسط 4جی ڈاؤن لوڈ کی اسپیڈ 8 ایم بی پی ایس تھی جبکہ اکتوبر میں یہ 7.5 ایم بی پی ایس تھی۔ ریلائنس جیو ایرٹیل کی اسپیڈ سے 2.5 گنا زیادہ ہے۔
اگرچہ ووڈافون اور آئیڈیا سیلولر نے اپنے کاروباروں کو ضم کردیا ہے اور اب وہ ووڈافون آئیڈیا کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں ، لیکن ٹرائی دونوں کے لئے الگ الگ اعدادو شمار ظاہر کرتا ہے۔
ووڈافون اور آئیڈیا نیٹ ورک کی اوسط 4جی ڈاؤن لوڈ کی اسپیڈ نے پچھلے مہینے سے تھوڑا سا فرق دکھایا۔ جبکہ نومبر میں ووڈافون کی رفتار 9.8 ایم بی پی ایس ہوگئی ، آئیڈیا کی رفتار گھٹ کر 8.8 ایم بی پی ایس ہوگئی۔ ولڈا فون اور آئیڈیا دونوں کی رفتار نومبر میں ائیرٹیل کے مقابلے میں قدرے زیادہ تھی لیکن اس کی پیمائش جیو کے آدھے سے بھی کم تھی۔
نومبر میں ووڈافون 6.5 ایم بی پی ایس کے ساتھ اوسط 4 جی اپلوڈ اسپیڈ میں سب سے اوپر ہے۔ آئیڈیا دوسرے نمبر پر تھا ، اس کی اپ لوڈ کی اسپیڈ 5.8 ایم بی پی ایس تھی۔ دوسری طرف ، نومبر میں ریلائنس جیو اور ایرٹیل کی اوسط اپ لوڈ کی اسپیڈ بالترتیب 3.7 اور 4 ایم بی پی ایس کی پیمائش کی گئی تھی۔
اوسطا اسپیڈ ٹرای کے ذریعہ مائی اسپیڈ ایپلی کیشن کی مدد سے جمع کیے گئے حقیقی وقت کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔
یو این آئی۔