نئی دہلی: مرکزی حکومت نے پائیدار شہری ترقی کے شعبہ میں جاپان اور مالدیپ کے ساتھ تعاون کے لیے دو الگ الگ مفاہمت ناموں کو منظوری دے دی ہے۔
بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں دو الگ الگ تجویزوں کو منظور کیا گیا۔
مالدیپ کے ساتھ مفاہمت نامہ کے تحت شہری ترقیاتی تعاون سے متعلق پروگراموں کی حکمت عملی بنانے اور ان پر عمل درآمد کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ سال میں ایک مرتبہ مالدیپ اور ہندوستان میں باری باری ملاقات کرے گا۔ مفاہمت نامہ دونوں ممالک کے مابین پائیدار شہری ترقی کے شعبہ میں مضبوط، گہری اور طویل مدتی باہمی تعاون کو فروغ دے گا۔
جاپان کے ساتھ معاہدے کے تحت باہمی تعاون سے متعلق پروگراموں کی حکمت عملی بنانے اور ان پر عمل درآمد کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ سال میں ایک مرتبہ ملاقات کرے گا۔ یہ ملاقات جاپان اور بھارت میں باری باری ہوگی۔ یہ معاہدہ دستخط کرنے کی تاریخ سے موثر ہوگا اور پانچ سال تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد اسے ایک بار میں مسلسل پانچ سال کی مدت کے لیے تجدید کیا جاسکتا ہے۔
اس معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین پائیدار شہری ترقی کے شعبہ میں مضبوط، گہری اور طویل مدتی دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔
اس سے پائیدار شہری ترقی کے شعبوں میں شہری منصوبہ بندی، اسمارٹ شہروں کی ترقی، سستی رہائش، کرایہ کی رہائش، شہری فلڈ مینجمنٹ، سیوریج اور گندے پانی کے انتظام، شہری نقل و حمل کے شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
یواین آئی