نئی دہلی: مالی برس 2020-21 کے دوران گھریلو مارکیٹ میں گاڑیوں کی خوردہ فروخت میں 30 فیصد اور گذشتہ اپریل میں ماہانہ بنیادوں پر 28 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز آرگنائزیشن (ایف اے ڈی اے) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں ملک میں مجموعی طور سے 16،49،678 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جو مارچ 2021 کے مقابلہ میں 28.15 فیصد کم تھیں۔
دو پہیوں والی رجسٹریشن 27.63 فیصد کم ہوکر 11،95،445 ہوگئی۔ تھری وہیلر رجسٹریشن 43 فیصد گھٹ کر 38،034 یونٹس ہوگئی۔ مسافر گاڑیوں، ٹریکٹروں اور تجارتی گاڑیوں کی فروخت میں بالترتیب 25 فیصد، 45 فیصد اور 24 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ اپریل میں مجموعی طور سے 2،79،745 مسافر گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
گذشتہ برس اپریل میں پورے ملک میں لاک ڈاؤن کے باعث ڈیلرز نے ایک بھی گاڑی فروخت نہیں کی تھی۔ لہذا رواں برس اپریل کے اعداد و شمار کا موازنہ اس برس مارچ کے اعداد و شمار سے کیا گیا ہے۔
فاڈا نے بتایا کہ مالی برس 2020-21 میں ملک میں مجموعی طور پر 1،52،71،519 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں جو مالی برس 2019۔20 سے 29.85 فیصد کم ہے۔ آٹھ برسوں میں اندراج شدہ گاڑیوں کی یہ کم سے کم تعداد ہے۔ اس عرصے کے دوران ٹریکٹروں کے علاوہ دیگر تمام کلاسوں کی گاڑیوں کی فروخت میں کمی واقع ہوئی۔
ٹریکٹروں کی رجسٹریشن میں 16 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ دو پہیے والے گاڑیوں میں اس کی شرح 32 فیصد، تین پہیوں میں 64 فیصد، تجارتی گاڑیوں میں 49 فیصد اور مسافر گاڑیوں میں 14 فیصد کمی درج کی گئی ہے۔
یواین آئی