ممبئی: گھریلو شیئر بازاروں میں تیزی کا سلسلہ آج 10 ویں دن جاری رہا اور بی ایس ای کا 30 شیئر والے سینسری انڈیکس سینسیکس 260.98 پوائنٹز یعنی 0.54 فیصد بڑھ کر 48,437.78 پوائنٹز پر اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 66.60 پوائنٹز یعنی 0.47 فیصد کے اضافے کے ساتھ 14,199.50 پوائنٹز کے نئے ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
بڑی کمپنیوں میں ابتدائی کاروبار میں منافع وصولی کا دباؤ رہا لیکن بعد میں بازار نے واپسی کی اور اضافے میں آگیا۔ بینکنگ اور مالیاتی شعبے کی کمپنیوں کے ساتھ ہی ٹی سی ایس، ہندوستان یونیلیور اور انفوسس جیسی کمپنیوں نے بازار کی مضبوطی میں سب سے زیادہ حصہ داری کی۔
درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں نے زیادہ یقین ظاہر کیا۔ بی ایس ای کا مڈکیپ 1.38 فیصد مضبوط ہر کر 18676.13 پوائنٹز پر اور اسمال کیپ 0.71 فیصد کی اضافے میں 18614.74 پوائنٹز پر بند ہوا۔
ملک میں کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری کا ڈرائی رن شروع ہونے کے اعلان سے سرمایہ کار معیشت کے جلد پٹری پر لوٹنے کے سلسلے میں پر امید ہیں۔ ساتھ ہی بیرون ممالک میں بھی شیئربازاروں میں تیزی ہے جس سے نظریہ سرمایہ کاری مضبوط بنا ہوا ہے۔
یو این آئی