تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھراو سے متعلق جھوٹی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلانے والے ایک شخص اور ایک نابالغ لڑکے کو حیدرآباد سٹی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ‘ٹاسک فورس نارتھ زون کی ٹیم نے سی سی ایس اور سائبرکرائمس حیدرآباد کی ٹیم کے ساتھ مل کر بی شیکھر نامی شخص کو گرفتار کیا جس نے ایک نابالغ لڑکے ساتھ مل کر وزیراعلی چندرشیکھر راو کے تعلق سے جھوٹی خبروں کو سوشل میڈیا پر پھیلایا اور عوام کو دھوکہ دیا’۔
کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہا ‘شیکھر کا تعلق نلگنڈہ ضلع سے ہے۔ پولیس نے ان دونوں کے قبضہ سے دو سیل فونس بھی ضبط کئے۔ اس لڑکے نے تین مار ملنا فینس کے نام سے ایک واٹس اپ گروپ بنایا تھا جس کے ذریعہ یہ جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی تھیں’۔
انہوں نے مزید کہا ‘ملزم نمبر ایک شیکھر نے واٹس اپ اکاونٹس سے ان خبروں کو پھیلایا تھا۔ لڑکے کی عمر 16 سال ہے اور وہ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھتا ہے اور حیدرآباد کی ونستھلی پورم میں انٹر سال دوم میں زیر تعلیم ہے اور بی سی ہاسٹل میں رہتا ہے۔ اس لڑکے کو جھوٹی خبر مختلف واٹس اپ گروپس سے ملی جس کے بعد اس نے دوسرے ملزم شیکھر کو یہ خبر فارورڈ کی۔ بعدازاں شیکھر نے اس کو مختلف گروپس میں شئیر کر دیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ان کی گرفتاری عمل میں لائی’۔