ملک کی 542 پارلیمانی نشستوں میں سے 78 نشستوں پر خواتین نے جیت درج کی ہے، آزادی کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب اتنی بڑی تعداد میں خواتین ارکان پارلیمان ایوان میں پہنچی ہیں۔
ان میں سب سے زیادہ اترپردیش اور مغربی بنگال سے 11، 11 خواتین پارلیمنٹ میں پہنچی ہیں۔
واضح رہے کہ اس مرتبہ 724 خواتین امیدواروں نے عام انتخابات میں قسمت آزمائی کی تھی، جس میں کانگریس نے 54 جبکہ بی جے پی نے 53 خواتیں امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا۔
اس سے قبل سنہ 2014 کے 16ویں لوک سبھا انتخابات میں 64 خواتین کامیاب ہوئی تھیں جبکہ سنہ 2009 میں 52 خواتین نے پارلیمنٹ تک کا سفر کیا تھا۔
ان 78 خواتین ارکان میں 27 ایسی ہیں جو اپنی سیٹ پر دوبارہ کامیاب ہوئی ہیں، جبکہ 14 امیدوار ایسی ہیں جو اپنی نشست کا دفاع نہیں کر سکیں۔
سونیا گاندھی، ہیما مالنی اور کرن کھیر سمیت متعدد خواتین سیاستداں اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب رہیں جبکہ گزشتہ عام انتخابات میں شکست کھانے والی اسمرتی ایرانی نے اس مرتبہ امیٹھی سیٹ سے جیت درج کی ہے اس کے علاوہ سادھوی پرگیہ سنگھ نے اپنے سیاسی کریئر کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے۔